نئی دہلی،24دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ملک میں عدم برداشت کو لے کر فلم اداکار نصیر الدین شاہ کے بیان کے بارے میں جاری بحث کے درمیان مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اتوار کو کہا کہ ہندوستان جتنی رواداری دنیا کے کسی دوسرے ملک میں نہیں ہے۔راج ناتھ سنگھ نے کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی کے 114ویں یوم تاسیس کی تقریب سے الگ صحافیوں سے بات چیت میں اداکار نصیر الدین شاہ کے حالیہ بیان کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہاکہ ہندوستان میں جتنی رواداری ہے، میں سمجھتا ہوں کہ دنیا میں کہیں نہیں ہے ،یہ دنیا میں ایک واحد ملک ہے جہاں دنیا کے تمام بڑے مذاہب ملتے ہیں۔ اگرجو تمام مذاہب کے ماننے والے لوگ کہیں مل جل کر رہتے ہیں وہ صرہندوستان ہے۔انہوں نے کہا کہ میں دہرانا چاہتا ہوں کہ اسلامی ممالک میں بھی اسلام کے تمام 72فرقے ایک ساتھ نہیں ملتے،صرف ہندوستان ہی مسلمانوں کے یہ تمام فرقے موجود ہیں، لہذا یہاں پر عدم برداشت کا کوئی سوال ہی نہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ہندوستان میں مختلف مذاہب کو ماننے والے جتنے بھی لوگ ہیں، وہ ہندوستان کو ایک مضبوط، خوددار،حمایت اور خوشحالی میں تعاون کر رہے ہیں اور ایساآگے بھی کریں گے۔غور طلب ہے کہ مشہور اداکارنصیرالدین شاہ نے حال میں ایک بیان میں کہا تھا کہ ہندوستان میں گائے کی جان کی قیمت آدمی کی جان سے زیادہ ہوگئی ہے۔ملک میں ایسا ماحول بن گیا ہے کہ انہیں اپنے بچوں کی فکر ہوتی ہے کہ کہیں کوئی بھیڑ انہیں گھیر کر ان کا مذہب نہ پوچھنے لگے۔لکھنؤ سے ممبر پارلیمنٹ وزیر داخلہ نے سائبر سرولانس متعلق حکم کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ ان کی وزارت نے اس بارے میں پہلے ہی وضاحت دے دی ہے لیکن چونکہ پارلیمنٹ کا سیشن اس وقت چل رہا ہے لہذا وہ اب اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے ہیں۔